حاجی کیمپ کی انتظامیہ اور ان کی شرعی فعالیت قابل تعریف ہے، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )حج، عمرہ و زیارت کمیٹی کے نمائندہ وفد نے مولانا عون نقوی کی قیادت میں حاجی کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر حج ڈائریکٹریٹ کراچی سید امتیاز علی شاہ اور دیگر اراکین سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔
زرائع کے مطابق حاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر مولانا عون نقوی نے کہا کہ حاجی کیمپ میں شرعی انتظامات، صحت و صفائی اور فعالیت قابل تعریف ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ حج تربیتی کلاسز، ویزوں کی بروقت ادائیگی اور اسکاؤٹس کی خدمات احسن طریقے سے ہوں تاکہ حجاج مطمئن ہوسکیں۔ اس موقع پر حج ڈائریکٹریٹ امتیاز علی شاہ نے کہا کہ حاجی کیمپ کا ہر کارکن قدرت کے مہمانوں کو شرف عظیم سمجھ کر خدمت کرتا ہے جو کہ ہمارے قانونی اور شرعی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر الحاج دلنواز یوسف، ملک اظہار حسین اور دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں مولانا محمد عون نقوی نے حج ڈائریکٹر کو اپنی کتاب عرفان حج پیش کی۔