مارشل لائی حکومت کی پیداوار تکفیری دہشگرد گروہ کو لگام دی جائے، سبطین سبزواری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں تکفیری دہشتگرد گروہ کی طرف سے امام بارگاہ پر حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف قبائلی علاقوں کے بعد شہروں سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پنجاب اور سندھ کے حساس علاقوں میں بھی فوجی آپریشن کریں۔
زرائع کے مطابق لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان، پاراچنار اور اب کراچی میں قتل و غارتگری کے ناقابل برداشت واقعات 1990ء کی دہائی کی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کو دوبارہ شروع کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کی خاطر پاکستان میں اہل تشیع نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں یہ ہماری دھرتی ہے لیکن مارشل لائی حکومت کی پیداوار تکفیری دہشتگرد گروہ کو لگام نہ دی گئی تو اس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے مکتب اہل بیتؑ کے پیروکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں، شہروں میں ضرب عضب آپریشن شروع کئے بغیر دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا کیونکہ شہری علاقوں سے ہی تکفیری دہشتگردوں کو فنڈنگ ہوتی اور ٹارگٹ ملتے ہیں۔
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ تکفیری دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑے بغیر ملک میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا، علامہ سید ساجد علی نقوی ایک عرصے سے حکومتی اور ریاستی اداروں کو متوجہ کر رہے ہیں کہ دہشتگردوں کو نکیل ڈالی جائے، مگر اقتدار کے نشے میں دھت حکمرانوں کو کسی کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں کے بعد پنجاب اور سندھ کے حساس علاقوں میں بھی فوجی آپریشن کروائیں تاکہ ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔