رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، آج ملک بھر میں پہلا روزہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ملک بھر میں رمضان المبارک 1437 ھ کا چاند نظر آگیا جس کا چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی باضابطہ اعلان کردیا جب کہ پاکستان بھر میں طویل عرصے بعد رمضان کا ایک ساتھ آغاز ہورہا ہے۔
زرائع کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، وزارت مذہبی امور کے نمائندے، اسپارکو کے ماہرین اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک تھے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا ظہیر احمد کی صدارت میں ہوا جہاں اسلام آباد میں سب سے پہلے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کی تصدیق کے بعد زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، رحیم یار خان، کوئٹہ، قلات، سکھراور نوابشاہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند دیکھا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کی زونل کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کی تصدیق سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جس کے بعد چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا جس کے مطابق آج بروز منگل 7 جون کو پہلا روزہ ہوگا۔