مٹھی بھر شدت پسندوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے ہاتھوں میرے قائد کا پاکستان یرغمال ہے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کو ایک ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
زرائع کے مطابق کراچی میں جامع مسجد خوجہ اثنا عشری کھارادر اور جامع مسجد دربار حسینی ملیر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ باقر زیدی، سیکرٹری جنرل کراچی ڈویژن میثم عابدی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ نشان حیدر اور علامہ مبشر حسن نے کی۔ مظاہرے میں شدید گرمی اور روزے کے باوجود بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب میں مرکزی رہنما علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ ہم جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ حاصل کرنے کی جدو جہد کر رہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کے بجائے دہشت گردوں کیخلاف استعمال کرے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی پرامن اور جمہوری تحریک کو نظر انداز کرنے والے حکمران سن لیں ہم نے ان کے باپ اور بدترین آمر جنرل ضیاء کو جھکنے پر مجبور کیا تھا اور ان کو بھی اوقات یاد دلائیں گے۔
دوسری جانب ملیر میں احتجاج سے خطاب میں مولانا نشان حیدر نے کہا کہ ہمیں مسلکی پاکستان نہیں اقبال اور قائد کا پرامن پاکستان چاہیئے، مٹھی بھر شدت پسندوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے ہاتھوں میرے قائد کا پاکستان یرغمال ہے، ہم انشاء اللہ اس کو بچائیں گے، حکمران سن لیں ہم انشاء اللہ عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے اور ظالموں کے انجام تک سڑکوں پر موجود رہیں گے، علامہ راجہ ناصر کی صحت کی خرابی یاکسی بھی نقصان کی صورت میں پیدا ہونے والی صورت حال کی مکمل ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔