مسلم امہ کا اتحاد امریکی سازشوں کا بہترین توڑ ہے، اے ٹی آئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) حکومت ڈرون حملے کیخلاف عالمی سطح پر جرأت مندانہ آواز اٹھائے، پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ قومی خود مختاری اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے دفاع کیلئے قوم متحد ہو جائے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انجمن طلباء اسلام کے مرکزی سیکریڑی اطلاعات سید وقار علی شاہ، ناظم لاہور ڈویژن محمد اکرم رضوی اور ناظم ضلع لاہور عامر اسماعیل نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والےاپنے مشترکہ بیان میں کیا۔سید وقار علی شاہ کا کہنا تھاکہ امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے، امریکہ نے ہمیشہ دوستی کی آڑ میں پاکستان کیساتھ دشمنی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج کی انسانیت سوز کارروائیاں قابل مذمت ہیں، مسلم امہ کا اتحاد امریکی سازشوں کا بہترین توڑ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری امریکی ڈرون حملے کا نوٹس لے، ڈرون حملے پر کمزور حکومتی ردّعمل سے قوم مایوس ہوئی ہے۔
محمد اکرم رضوی نے کہا کہ خطے میں پاکستان کیخلاف 4 قوتیں صف آراء ہیں امریکہ، بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا بوجھ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے، وقت آگیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ذلت اور محکومی کا باب ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی وجہ سے دنیا کا امن تباہ ہو گیا ہے، طالبان بھی امریکہ کی پیداوار ہیں۔