شام: فوعہ اور ادلب پر دہشت گردوں کا حملہ
رپورٹ کے مطابق بنش میں موجود دہشت گردوں نے اتوار کی رات ایک بار پھر فوعہ اور کفریا شہروں میں داخل ہونے کے مقصد سے ان شہروں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کے حملےمیں شام کے تین شہری جاں بحق ہوگئے۔ فوعہ اور کفریا شہروں کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کے مقابلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
واضح رہے کہ بنش، طعوم اور تفتناز نامی قصبے ان دہشت گردوں کا گڑھ ہیں جو ہر روز محاصرے کے شکار شیعہ آبادی والے شہروں فوعہ اور کفریا کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہیں۔
فوعہ اور کفریا ادلب کے شمال میں دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں اور اٹھائیس مارچ سنہ دو ہزار پندرہ کو ادلب شہر پر دہشت گردوں کے قبضے کے بعد یہ دونوں شہر دہشت گردوں کے محاصرے میں آگئے ۔
دریں اثناء دہشت گرد گروہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلب میں سیف الدولہ نامی علاقے پر حملہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حلب شہر میں حمدانیہ، شیخ مقصود اور شیخان کے علاقوں پر فائرنگ کی ہے اور راکٹوں سے بھی حملہ کیا ہے۔
شام سے ملنے والی ایک اور خبر کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے صوبہ حمص میں واقع القریتین شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے مقصد سے الباردہ، الکمین اور الشہدا پہاڑوں پر حملے کئے لیکن شام کے فوجیوں نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔