شمالی وزیرستان، پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر سے حساس نوعیت کی فائلیں غائب
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شمالی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر سے انتہائی اہم نوعیت کی فائلیں غائب ہو گئی ہیں، جن کی وجہ سے متاثرین کی بحالی اور معاوضوں کی ادائیگی کیلئے مختص رقومات کے ڈوب جا نے کا خدشہ ہے۔ پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کامران آفریدی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نے جان بوجھ کر فائلیں غائب کی ہیں، تاکہ انتظامیہ کیلئے مسائل پیدا کر سکیں اور وہ اپنی من مانیاں جاری رکھ سکیں۔ کامران آفریدی نے بتایا کہ ان فائلوں میں حساس نوعیت کی معلومات تھیں جبکہ دیگر فائلوں میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کو مکانات کی تعمیر، معاوضوں کی ادائیگی اور آبادکاری جیسے اہم معاملات کے متعلق تفصیلات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مالی سال کا آخری مہینہ ہے اور اگر بروقت ان رقومات کو بروئے کار نہ لایا گیا تو یہ ڈوب جائیں گی، جس سے متاثرین کو گھروں کی تعمیر اور دیگر معاوضوں کی ادائیگی میں بہت زیادہ تاخیر آئے گی۔ کامران آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں اور کے پی کے پولیس کو ان کی گرفتاری کیلئے احکامات جا ری کئے ہیں، تاہم انہوں نے واقعہ میں ملوث کسی فرد کا نام نہیں لیا ہے۔