اہلسنت کا نام استعمال کرنیوالی کالعدم تنظیم پر دوبارہ پابندی لگائی جائے، معصوم نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ )جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلنت پیر معصوم حسین نقوی نے قبائلی علاقوں میں سیاسی، معاشی اور سماجی اصلاحات کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کرنے کی جے یو پی حمایت کرتی ہے لیکن یہ اقدام اس خطے کے عوام کے اتفاق رائے کیساتھ ہونا چاہیے، جس کا بہترین طریقہ ریفرنڈم ہے۔
زرائع کے مطابق لاہور میں جے یو پی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر معصوم حسین نقوی نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ انہیں روزگار، تعلیم اور سماجی سیاسی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ تکفیری دہشتگرد، دوبارہ قبائلی علاقوں کا رخ نہ کر سکیں، اس کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے، ان علاقوں کو تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھولا جائے، تاکہ ہر جماعت اپنا منشور عوام تک پہنچا کر انہیں اپنا حامی بنائے اور انہیں سیاسی عمل میں شامل کرے تو یہ علاقہ بہت جلد ملک کے باقی حصوں کی طرح تعلیمی اور سیاسی اعتبار سے ترقی یافتہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے فاٹا کے علاقے کو تکفیری دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے تو اب سیاسی جماعتوں اور حکومت کا امتحان ہے کہ وہ ان علاقوں کے مکینوں کو قومی دھارے میں لائیں۔
پیر معصوم نقوی نے کہا کہ تکفیری دہشتگرد گروہوں کا تعلق خارجی فکر سے ہے، جس کے بارے میں امت مسلمہ پوری طرح آگاہ ہے۔پاکستان بھر میں نام تبدیل کرکے کام کرنیوالے کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوںکیخلاف کریک ڈاون کئے بغیر امن بحال کرنا ممکن نہیں۔پیر معصون نقوی کا کہنا تھا کہ کوئی اہلسنت تنظیم دہشتگرد اور کالعدم نہیں، ایک ملک دشمن،ا سلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ (سپاہِ صحابہ، اہلسنت و الجماعت)اہلسنت کا نام استعمال کر رہا ہے، اس پر فوری پا بندی عائد کی جائے۔