لاہور، یوم ولادت باسعادت حضرت امام حسن علیہ السلام منایا گیا
شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ )دوسرے تاجدار امامت نواسہ رسول، جگر گوشہ علی و بتول حضرت امام حسن علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
زرائع کے مطابق مسلمانوں کے درمیان خونریزی کو روکنے کیلئے مشہور صلح کرنیوالے امام حسن ؑکی زندگی کے مختلف پہلووں پر مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں میں جشن ولادت کی تقریبات میں روشنی ڈالی گئی اور زور دیا گیا کہ صلح سے دین مبین کو تقویت ملتی ہے، جنگ کمزوری کا باعث بنتی ہے، اسی لئے امام حسن علیہ السلام نے جنگ کی بجائے صلح کو ترجیح دی اور امت کو خونریزی سے بچا لیا۔ علی مسجد جامعتہ المنتظر میں باب العلم فاونڈیشن کے زیراہتمام جشن امام حسن علیہ السلام کے حوالے سے منقبت خوانی کا پروگرام منعقد ہوا جس میں فرمان پیارے علی، یاسر علی یاسر، حسنین بختیاری، قاری عابد اور دبیر برادران نے منقبت اہل بیت بیان کئ۔ اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے مشہد مقدس کی زیارت کیلئے بائی ائر ٹکٹ خوش نصیب شریک محفل علی نقی شاہ کے نام پر نکلا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ سخاوت حسین قمی نے کہا کہ کفار مکہ پیغمبر اکرم کو نرینہ اولاد نہ ہونے کا طعنہ دیتے تھے تو اللہ تعالیٰ میں سورہ کوثر میں جواب دیا کہ اللہ کے محبوب کا دشمن ہی بے نام ہو کر مرے گا اور حضرت فاطمتہ الزہرا کے ہاں حضرت امام حسن کی ولادت ہوئی، جس سے رسول اللہ کی نسل آج بھی جاری ہے اور سادات دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں۔