یوم علیؑ کو پرامن بنانے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کرینگے، ڈاکٹر حیدر اشرف
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ یوم ِعلیؑ کو پرامن بنانے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات جبکہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
زرائع کے مطابق لاہور میں یومِ علیؑ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ شہر بھر بالخصوص سٹی ڈویژن میں شاہدرہ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بند روڈ کے علاقوں میں افغان بستیوں، ہوٹلز، سرائے اور بس سٹینڈز کے علاوہ ریلوے اسٹیشن کے گرد و نواح میں سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیئے جا رہے ہیں۔ یومِ علیؑ کے مرکزی جلوس کے روٹ کی سکریننگ کی جا رہی ہے اور متعلقہ محکموں سے لائٹنگ و دیگر انتظامات مکمل کروائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں داخل ہونے سے پہلے شرکاء کی مکمل جسمانی تلاشی لی جائے گی اور گاڑیوں کو چیک کرنے کیلئے سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ کے چاروں اطراف ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیاں گشت کریں گی۔ پارکنگ پر جامع سکیورٹی پلان بنایا گیا ہے، جس کے تحت جلوس کے شرکاء کے لئے ناصر باغ میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔