خائن، بدعنوان اور کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا، صاحبزادہ ابوالخیر
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ خائن، بدعنوان اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین اورجمعیت علماء پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ’’ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر‘‘ نے نزول قرآن و یوم پاکستان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کا انعام ہے جس کا قیام 27رمضان المبارک شب قدر کی رات عمل میں آیا اور اس ملک میں اسلام کے آفاقی پیغام کو عام کرنے اور نظام مصطفی (ص) کو اقتدار میں لانے کیلئے قوم دامن مصطفی (ص)کو مضبوطی سے تھام لے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ اس ملک میں نظام مصطفی (ص) کی بہاریں آکر رہیں گی اور جس عظیم مقصد کیلئے پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا وہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے حقیقی ثمرات حاصل کرنے کیلئے ہمیں اتحادو یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ اسلام اور پاکستان دشمن طاغوتی قوتیں پاکستان کو توڑنے کی ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتی ہیں۔ موصوف اہلسنت عالم دین نے کہا کہ مسلمانوں کو رنگ ونسل، قوم وزبان میں تقسیم کر کے آپس میں لڑنے کا گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے اور قرآن سے دوری کے نتیجے کے سبب پاکستان کے کچھ خائن ، بدعنوان اور کرپٹ حکمرانوں کی وہ سے ملک مختلف مصائب اور مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک دہشتگردوں کے رحم کرم پر ہے کیونکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ایسا لگتا ہے کہ جمہوری ملک میں بادشاہت قائم ہوگئی ہے۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے مزید کہا کہ چند خاندان ملک کو لوٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام بدحالی کا شکار ہیں اور اب وقت آگیا ہے قیام پاکستان کے حقیقی ثمرات حاصل کرنے کیلئے قوم بیدار ہوجائے اور نظام مصطفی (ص) کے عملی نفاذ کیلئے جدوجہد تیز کر دے۔