پاکستانی حکمرانوں کو شیعہ مسلمانوں کے خون کا حساب دینا ہوگا، علامہ طاہر القادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت کو ہزاروں شیعہ مسلمانوں کے قتل کے واقعات پر جواب دہ ہونا چاہئے۔ علامہ طاہر القادری نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی دو ماہ سے جاری بھوک ہڑتال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی بھوک ہڑتال تیسرے مہینے میں داخل ہو گئی ہے لیکن حکومت نے اب تک ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں پر بے حسی چھائی ہوئی ہے اور دو ماہ سے جاری مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی بھوک ہڑتال کا کوئی ذکر تک نہیں کر رہے۔
علامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں ظالمانہ نظام نے کمزوروں سے انصاف کا حق بھی چھین لیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک سربراہ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ پاکستان میں حکمرانوں کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کے سبب قومی ایکشن پلان نابود ہو گیا اور دہشت گردوں کے بجائے سیاسی مخالفین کو ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حمکرانوں کو سن دو ہزار دس سے دو ہزار سولہ کے درمیان ملک میں شہید ہونے والے تین ہزار چار سو شیعہ مسلمانوں کے قتل پر جواب دہ ہونا ہو گا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کو پچپن روز مکمل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتال کر رکھی ہے اور وہ ان واقعات کی تحقیقات کرانے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔