Uncategorized

روضہ رسولﷺ کے باہر دھماکے اسلام دشمنوں کی چال ہے، اعجاز ہاشمی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے روضہ رسولﷺ کے باہر اور دیگر سعودی شہروں میں ہونیوالے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو اسلام پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن مذموم کارروائیوں میں کامیاب نہیں ہوگا، تباہی و بربادی ان کا مقدر ہوگی، داعش ہو یا کوئی اور تکفیری دہشتگرد گروہ ان کے خاتمے کے دن قریب آ چکے ہیں۔

زرائع کے مطابق لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ روضہ رسولﷺ کے باہر دھماکے اسلام دشمنوں کی چال ہے، جس پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ایسی مذموم کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی عقیدت کے مرکز پر حملہ خدا کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، ایسے لوگ انسان ہیں اور نہ ہی مسلمان، یہ گمراہ اور کرائے کے لوگ ہیں، جنہیں خرید کر مذموم کارروائیاں کروائی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ عیدالفطر کے موقع پر روضہ رسولﷺ کے باہر پارکنگ میں، قطیف میں مسجد العمران اور جدہ میں امریکی قونصلیٹ میں ایک ہی دن میں ہونے والے دھماکے تکفیری دہشتگردوں کے عزائم واضح کرتے ہیں۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرے کی ادائیگی کیلئے مسلمانوں کی سعودی عرب میں موجودگی کے دوران دھماکے واضح پیغام ہے کہ یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ تکفیری دہشتگردوں نے مرکز اسلام کو نشانہ بنایا ہے، اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو جغرافیائی اور مسلکی وفاداریوں سے بالاتر ہوکر اسلام کے نام پر سوچنا چاہیے اور او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کہ دشمن اگر روضہ رسولﷺ کے باہر تک کارروائی کرسکتا ہے تو آگے اور کیا رہ گیا ہے؟ ہمیں کوئی لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے تاکہ دہشتگردی کے جن پر قابو پایا جاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button