روضہ رسولﷺ کے قریب دھماکے کیخلاف سنی تحریک کا لاہور میں احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سنی تحریک کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور نماز فجر میں دہشتگردی کیخلاف مذمتی قراردادیں پیش کی گئیں۔
زرائع کے مطابق پاکستان سنی تحریک کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری و دیگر علماء نے کہا کہ حرمین شریفین ہر مسلمان کی محبت کا مرکز ہے، مدینہ منورہ کی سرزمین کا زرہ خاک مسلمانوں کی آنکھ کا سرمہ ہے اور ہمارے قلب کیلئے باعث سکون ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے مطالبہ کیاکہ سعودی حکومت کو امریکہ اور اسرائیل سے فوری اپنے تعلقات ختم کر دینے چاہئے۔عالمی تکفیری دہشتگرد گروہوںداعش، القاعدہ سمیت دیگر تکفیری دہشتگردوں کو امریکی سرپرستی حاصل ہے، دہشتگردی عالمی مسلۂ ہے جس کیلئے مسلمان ریاستوں کو متحدہ فوجی اتحاد قائم کرنا چاہئے تاکہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ تکفیری دہشتگرد دین کی تبلیغ کے نام پر مسجد نبوی کے اندر موجود ہیں، داعش، طالبان، القاعدہ پوری دنیا کیلئے مذہب کے نام پر خطرہ بن چکے ہیں۔
اس موقع پر علامہ سرفراز سیالوی، علامہ ریاض ہزاروی، محمد اظہر قادری، محمد عاصم گجر، مولانا شریف الدین قذافی، مولانا محمد شفاقت ہمدمی، حافظ محمد رمضان قادری ودیگر بھی موجود تھے۔