ملک بھر میں ایدھی کی یاد میں شمعیں روشن، کراچی میں انوکھا خراج عقیدت
شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) کوئٹہ / کراچی : عبدالستارایدھی کو کراچی میں دیوار قدردانی پر تصویر بنا کر انوکھا خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی یاد میں کوئٹہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے موم بتیاں جلائی گئیں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسانیت کی بے لوث خدمت، پیکر انسانیت، عبدالستار ایدھی اب ہم میں نہیں رہے۔ لیکن ان کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ کراچی کے علاقے کورنگی میں مسیحائے پاکستان عبدالستار ایدھی کو دیوار قدردانی پر تصویر بنا کر انوکھا خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مرحوم کی ان ہی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کورنگی میں دیوار قدر دانی بنا کر عبدالستار ایدھی کی تصویر پینٹ کی گئی۔ اس حوالے سے مصور کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب کی تصویر بناکران کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب نے دکھیاری خواتین کا ساتھ دیا، اس موقع پر موجود خاتون انہیں خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے معاشرے میں موجود بیوہ اور بے سہارا خواتین کو سہارا دیا۔
عبدالستار ایدھی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ دیوار قدردانی پر بنی یہ تصویر اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے آئی جی آفس چوک پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور ہزارہ ا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام منعقد کی گئی جس کے دوران درجنوں افراد نے موم بتیاں جلا کر عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا، تعزیتی تقریب میں علاقہ معززین، خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی رہنماء محمد رضا وکیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے انسانیت کی خدمت کے حوالے سے جو تاریخ رقم کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں تحریک انصاف خواتین ونگ نے عبد الستار ایدھی کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بھی شمعیں روشن کی گئیں۔ جبکہ سیالکوٹ میں علامہ اقبال چوک پر عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شمعیں روشن کی گئیں۔ تقریب میں سول سوسائٹی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بہاولنگرمیں عبدالستار ایدھی کی یاد میں صحافی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے رفیق شاہ چوک میں شمعیں روشن کی گئیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن طارق اسماعیل، نجی تنظیموں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔