رحیم یارخان، مدینہ منورہ میں دہشتگردی اور کشمیریوں پر مظالم کیخلاف تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آغا سید حامد علی موسوی کی ہدایت پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے تحت امام بارگاہ فتہ کٹہ میں مدینہ منورہ میں دہشتگردی کے واقعہ، مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارتی دہشتگردی اور آٹھ شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جس کی قیادت فقہ جعفریہ کے رہنما منظور احمد چانڈیہ، سید کاظم شاہ، سید غلام عباس شاہ، محمد حسین بلوچ، غلام اکبر جوئیہ، سید مختار شاہ و دیگر قائدین کر رہے تھے۔
اس موقع پر منظور احمد چانڈیہ نے کہا کہ مدینہ منورہ تمام مسلمانوں کیلئے مقدس مقام ہے جس پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں حضور اکرم کے روزہ مبارک پر دہشتگردی جیسی واردات کا منصوبہ اسلام دشمن قوتوں کی سازش ہے۔ انھوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور مظلوم بے گناہ مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی اور کشمیری مسلمانوں کیساتھ فقہ جعفریہ کی طرف سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یوم انہدام جنت البقیع کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ جنت البقیع میں صحابہ کرام اور اسلام کی عظیم شخصیات دفن ہیں اس لیے جنت البقیع میں انہدام کے واقعات کی بھی مذمت کرتے ہیں۔