اویس شاہ کی بازیابی کیلئے آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جنرل عاصم سلیم باجوہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے آپریشن پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔ یہ آپریشن ڈی آئی خان سے ٹانک کے راستے میں کیا گیا۔ بازیابی کے وقت اویس شاہ کے منہ پر ٹیپ اور ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن رات 2 سے اڑھائی بجے کے دوران شروع کیا گیا۔ ٹانک کے قریب مفتی محمود چوک کے پاس تین چیک پوسٹیں قائم کی گئیں۔ نیلے رنگ کی کار کو چیک پوسٹ کے قریب روکنے کی کوشش کی گئی، دہشت گرد گاڑی ڈیوائڈر پر چڑھا کر سڑک کے دوسری طرف لے گئے۔ فوجی اسنائپر نے گاڑی کے ڈرائیور کو نشانہ بنایا، جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں سوار تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ اغوا کاروں نے فائرنگ کرتے ہوئے بھاگنے کی بھی کوشش کی۔ دہشت گردوں کے پاس سرحد کے قریب چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ دہشت گردوں کی گاڑی میں برقعہ پوش تھا، برقع پوش سے شناخت کیلئے بار بار پوچھا گیا، جب برقع ہٹایا تو ایک نوجوان جس کے منہ پر ٹیپ لگی تھی برآمد ہوا۔