Uncategorized

کشمیر میں جاری بھارتی سفاکیت اورعوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو کیوں نظر نہیں آتی، علامہ عارف واحدی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی سفاکیت اور عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو کیوں نظر نہیں آتی، حقوق بشیریت کی تنظیمیں، اقوام متحدہ کیوں خاموش ہیں، او آئی سی کیا اپنا وجود بھی رکھتی ہے، چالیس سے زائد افراد شہید کردیئے گئے لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ، حکومت مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم کی مکمل تائید کرتے ہیں جس میں انہوں نے مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور تمام فریقوں کو ان کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ چند دنوں میں چالیس سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کردیاگیا، کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے لیکن افسوس حقوق بشیریت کی عالمی تنظیمیں، اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ عالم اسلام کی نمائندہ تنظیم او آئی سی معلوم نہیں اپنا وجود بھی رکھتی ہے یا نہیں، اس معاملے پر اس نمائندہ پلیٹ فارم کی خاموشی بھی انتہائی افسوسناک ہے ۔علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے، ان کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے، مسئلہ فلسطین و کشمیر عالم اسلام کے سلگتے مسائل ہیں، جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے ، اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button