Uncategorized

کراچی،مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تحت شہر کی اہم شاہراؤں پر علامتی احتجاجی دھرنے

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر ملت تشیع کی طرف سے ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے۔ مرکزی احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ 7 اگست کو ملک کے تمام شہروں سے شیعیان حیدر کرار اسلام آباد کی طرف رُخ کریں گے اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا، نواز حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشتگردوں کی سرپرستی چھوڑ دے۔

زرائع کے مطابق وطن عزیز میں بے گناہ قتل عام، نواز حکومت کے متعصبانہ طرز عمل اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کے 70 روز گزرنے کے بعد بھی نواز حکومت کی طرف سے مسلسل عدم توجہی پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ، شاہرائے پاکستان انچولی، ملیر 15 سپر ہائی وے، اسٹیل ٹاؤن نیشنل ہائی وے پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے۔ شہر قائد میں مرکزی دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی کر رہے تھے۔ احتجاجی دھرنوں میں علما و کارکنان سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھی۔

مرکزی احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے کہا کہ ملت تشیع نے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم بیدار قوم ہیں اور حق کی آواز پر لبیک کہنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں، آج کا یہ دھرنا علامتی دھرناہے، 7 اگست کو ملک کے تمام شہروں سے شیعیان حیدر کرار اسلام آباد کی طرف رُخ کریں گے اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہل تشیع پر حکومتی مظالم، ملک میں بڑھتی ہوئی عدم تحفظ کی فضا اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر نواز حکومت کی دانستہ غفلت نے آج ہمیں شاہراؤں پر نکلنے کیلئے مجبور کر دیا ہے، نواز حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشتگردوں کی سرپرستی چھوڑ دے۔ مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد علامہ ناصر عباس جعفری نے 70 روز سے ایک بھوک ہڑتال کیمپ میں بیٹھ کر پُرامن اور خاموش احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکمران ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے، جمہوریت کی آڑ میں شخصی آمریت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہم اپنے ساتھ حکومت کی طرف سے تیسرے درجے کے شہریوں کا سلوک برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر قابض حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں، ان کی گردنوں میں اتفاق فاونڈری کا سریا ہے، ہم ان ظالموں کا تعاقب جاری رکھیں گے۔

علامہ مختار امامی نے کہا کہ ہمارا ایک بھی مطالبہ ایسا نہیں کہ جو قوم و ملک کے مفادات کے منافی ہو، ہم دہشت گردوں اور ان کے پشت پناہوں کے خلاف آپریشن چاہتے ہیں، ہم ایسے پاکستان کے متلاشی ہیں جہاں تمام مذاہب و مسالک کو مذہبی آزادی حاصل ہو، ہمارا مطالبہ ہے کہ پارہ چنار میں بااختیار ادارے کے اہلکاروں کی طرف سے مظلوم افراد کے سروں میں گولی مارنے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں نے اس ملک میں لاتعداد سانحات کو جنم دیا ہے، جن کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے آسرا ہو چکے ہیں، ان میں ملوث دہشتگردوں کے مقدمات کو فوجی عدالتوں کے حوالے کیا جائے، نواز حکومت بتائے کہ ہمارا کونسا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ ہمارا پُرامن احتجاج ہمارے ذمہ دار قوم ہونے کی دلیل ہے، ہم اس ملک کے محب وطن شہری ہیں اور ہمیشہ حب الوطنی کا حق ادا کیا ہے، اس ملک کو قائد و اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر بنا کر دم لیں گے، جب تک ملک دشمن طاقتوں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کا خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک اس ملک کے باوفا بیٹے چین سے نہیں بیٹھے گے۔ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ، شاہرائے پاکستان انچولی، ملیر 15 سپر ہائی وے، اسٹیل ٹاؤن نیشنل ہائی وے پر ہونے والے احتجاجی دھرنوں سے علامہ مختار امامی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ اظہر نقوی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ نشان حیدر، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی، میثم عابدی سمیت دیگر نے خطاب کئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button