کراچی میں فوجی گاڑی پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان کے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کرلی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شہر قائد میں منگل کی سہہ پہر فوج کی ایک گاڑی پر حملے میں دو اہلکاروں کے شہید ہونے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک دھڑے جماعت الاحرار نے قبول کرلی ہے۔ وائس آف امریکا کے مطابق جماعت الحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے میڈیا کو بھیجے گئے ایک پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے علاقے صدر میں طالبان نے فوج کے دو اہلکاروں کو ہدف بنایا ہے، اگرچہ فوج کی گاڑی پر حملے سے متعلق طالبان کے دعویٰ کی آزاد ذرائع سے تصدیق تو نہیں ہو سکی، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائی سے ایک بات کی عکاسی ضرور ہوتی ہے کہ شہری علاقوں میں بھی دہشت گرد چھپے ہوئے ضرور ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں صدر کے علاقے پارکنگ پلازہ میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشتگردوں نے فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں لانس نائیک عبدالرزاق اور سپاہی خادم شہید ہوگئے تھے۔