سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے، مراد علی شاہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر گیان چن کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ عشایئے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی شریک تھے۔ عشائیے کے موقع پر میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دوں گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان بھی سندھ اسمبلی میں ہی کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے بھی میڈیا سے مختصر بات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعلیٰ سندھ کی خدمت کرے گا، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام کی خدمت کرنے کیلئے ایک شاہ اور آیا ہے، جو ان کی خدمت کرے گا۔