ترکی: طیب اردغان جمہوری ہٹلر بن گیا
شیعیت نیوز: ترکی میں وزارتِ خارجہ کے اٹھاسی ملازمین کو برطرف کر دیا گیا ہے اور پینتالیس اخبارات اور سولہ ٹی وی چینل بندکرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد سے حکومت نے ناقدانہ نقطہٴ نظر رکھنے والے بہت سے صحافیوں کے خلاف اقدامات کیے ہیں اور متعدد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایک سرکاری جریدے میں شائع ہونے والے حکومتی فرمان کے مطابق تین خبر رساں اداروں، تئیس ریڈیو چینلز، پندرہ رسالوں اور اُنتیس اشاعتی اداروں کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے متاثرہ ذرائع ابلاغ کے نام شائع نہیں کیے گئے۔ انقرہ حکومت نے مبینہ باغیوں کے خلاف بھی اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے ایک سو اُنچاس جنرلز اور ایڈ مرلز کو فوج سے مستقل طور پر نکال دیا ہے۔ ناکام بغاوت کے فوراً بعد گرفتار کیے جانے والے پندرہ ہزار سے زیادہ افراد میں سے، جن کی بڑی تعداد فوجیوں پر مشتمل تھی، کم از کم آٹھ ہزار بدستور زیرِ حراست ہیں۔