بنوں میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ یہ واقعہ نئی سبزی منڈی کی حدود میں پیش آیا۔ بنوں پولیس کے مطابق سپاہی ہدایت اللہ جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد سفید کپڑوں میں اپنی ڈیوٹی کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ سپاہی ہدایت اللہ سال 2011 میں پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ پولیس نے معمول کی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے لیکن فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
بنوں میں 19 جولائی کو بھی ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ہیڈ کانسٹیبل امام خان کو تھانہ ڈومیل کی حدود میں اس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گذشتہ چند ایک ماہ میں سوات میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملے ہوئے ہیں جبکہ پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسمعیل خان میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔