جو ملک خود دہشتگردی کا شکار ہے وہ دہشتگردی کی حمایت نہیں کرسکتا، پرویز رشید
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسلام اور کشمیر کا نعرہ سب سے زیادہ سیاست کے لیے استعمال ہوا جب کہ جو ملک خود دہشت گردی کا شکار ہے وہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کرسکتا۔
زرائع کے مطابق لاہور میں سیمینار سے خطاب کے دوران پرویز رشید نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں دو نعروں کا بہت زیادہ استعمال کیا، ایک اسلام اور دوسرا کشمیر کی آزادی، ان نعروں کو ہماری سیاسی تاریخ میں بار بار استعمال کیا گیا، ان دونوں نعروں میں ہمیشہ سیاست پوشیدہ رہی۔ یہ نعرے حکومتوں کو یاد دہانی کے لیے بھی استعمال کیے گئے اور ان کی جگہ لینے کے لیے بھی، ہمیں ان نعروں کو سیاست کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کا حق ہے کہ وہ اپنی جدو جہد کے لیے کسی بھی راستے کا انتخاب کریں، یہ حق انہیں عالمی قانون دیتا ہے۔ ہمیں مکمل ہوش کے ساتھ ان کی جدوجہد کا ساتھ دینا ہے۔ کشمیر کی آزادی کو اپنے مقاصد کے بجائے ایک اصول کے طور پر اپنانا چاہیے۔ دہشت گردی کےخلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے، جو ملک خود دہشت گردی کا شکار ہے وہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کرسکتا۔