رینجرز کو وفاقی حکومت کی مکمل تائید حاصل ہے، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز کو وفاقی حکومت کی مکمل تائید حاصل ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ نئے وزیر اعلٰی کی آمد سے کراچی میں رینجرز کا معاملہ حل ہوجائے گا۔
زرئع کے مطابق ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک دو دن میں رینجرز کے قیام میں توسیع ہو جائے گی۔ پُرامید ہوں نئے وزیر اعلیٰ سندھ رینجرز کو اختیارات دیں گے۔ جب بھی رینجرز کے اختیارات کا مسئلہ آتا ہے تو اسے متنازعہ بنا دیا جاتا ہے۔ وفاقی حکومت پر کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ رینجرز کو وفاقی حکومت کی تائید اور سپورٹ حاصل رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا امن و امان کے حوالے سے رینجرز کو بلایا گیا تھا اب یہ نہیں ہو سکتا کہ انہیں متعلقہ اختیارات نہ دیں۔ رینجرز نے جانوں کا نذرانہ دے کر دن رات ایک کر کے گراں قدر خدمات کی نئی مثال قائم کی۔ صوبائی حکومت کی مشاورت سے آپریشن شروع ہوا تھا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاق کسی بھی صوبے کی اندرونی سیکیورٹی کے حوالے سے واضح رول ادا کر سکتی ہے۔ رینجرز کے کردار کیوجہ سے کراچی کی صورتحال میں بہتری آئی اور امید ہے رینجرز کے اختیارات میں رکاوٹیں دور ہوں گی۔ سندھ کے نئے کپتان جب بیٹنگ کریں گے تو پھر تبصرہ کریں گے۔ نئے کپتان کی کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں۔