Uncategorized

دہشتگردوں کی حکومتی سرپرستی ختم کئے بغیر ٹارگٹ کلنگ ختم نہیں ہو سکتی، نیاز نقوی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے وزیر اعظم میاں نوازشریف کے پاکستان کو ہر نسل اور مذہب و مسلک کیلئے محفوظ ملک بنانے کے عزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے متوجہ کیا ہے کہ 90ء کی دہائی سے جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کو ریاستی ادارے نہیں رکوا سکے، کوئٹہ میں گزشتہ دن شیعہ ہزارہ قبیلہ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو تکفیری دہشتگردوں نے شہید کر دیا، حکومت اور فوج کیلئے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور کوئٹہ میں مکتب اہلبیت سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل کو نہ رکوانا چیلنج ہے۔

زرائع کے مطابق لاہور میں علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ جب تک خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی بہتر نہیں بنائی جاتی، قتل و غارتگری روکنا ممکن نہیں، حکومتیں بھی ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کی مبینہ سرپرستی چھوڑ دیں تو شیعہ ٹارگٹ کلنگ رک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسا ایسا گاوں شہر یا بستی ہے جہاں گزشتہ 30 سال سے اہل تشیع کا ناحق خون نہ بہایا گیا ہو، مگر ریاستی اداروں نے آج تک ان تکفیری دہشتگرد گروہوں کو ختم کیا اور نہ ہی ان کے غیر ملکی سرپرستوں کو بے نقاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ ڈاکٹر، انجیئنر، علما اور اساتذہ کو سر بازار قتل کیا گیا، کوئی ادارہ ٹس سے مس نہیں ہوا۔ وفاق المدارس کے رہنما نے سوال کیا کہ ایجنسیاں وہ حقائق بے نقاب کریں، جن کے ذریعے ملک میں دہشتگردی نے جنم لیا۔ مسلمان فرقوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کیلئے خرافات بکے گئے اور بازاری زبان استعمال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خود کش حملوں کا شکار صرف اہل تشیع ہی نہیں، اہلسنت برادران کے عید میلادالنبی کے اجتماعات اور مزارات اولیا کو بھی بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا مگر آج تک ان سانحات کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا، عوام منتظر ہیں کہ کب حکومت اور ریاستی ادارے اس طرف توجہ دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button