امریکہ بھارت اور افغانستان کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے، عاکف طاہر
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تعلیم کو کمرشلائز کرکے ظلم کیا گیا ہے، تعلیم کی کمی انسان کو پستی کی طرف دھکیلتی ہے، تعلیم صرف ملازمت کے حصول کیلئے نہیں بلکہ شعور کیلئے حاصل کرنی چاہیئے، ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود انسان مقصد حیات کو سمجھنے سے قاصر ہے تو وہ جاہل ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر چودھری محمد عاکف طاہر نے لاہور کے ڈویژنل ناظم اکرم رضوی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو جرتے ہوئے کیا۔چوہدری محمد عاکف کا کہنا تھا کہ اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے تعلیم و تربیت اولین شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ نور کی بستی اور رحمتوں کی آماجگاہ ہے، کائنات کا امن مدینہ کی بستی سے وابستہ ہے، اربوں مسلمانوں کے دل مدینہ کی مٹی کی محبت میں دھڑکتے ہیں، مدینہ منورہ خوشبوؤں کا دوست اور عافیت کا گوشہ برکت ہے، مدینہ کی صبحیں حیات نو کا پیغام بانٹی ہیں، مغرب کی ذہنی غلامی سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ عاکف طاہر نے مزید کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی ترک کرکے حقائق کا سامنا کرے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروائی جائے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا احساس کرے کیونکہ تنازعہ کشمیر ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بھارت سے تجارت ختم کرکے کشمیریوں کا ساتھ دیں، پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر سخت مؤ قف اختیار کرنے کی ضرورت ہے، مودی کیساتھ آموں اور ساڑھیوں کے تحائف کا تبادلہ کرنے والے ہمارے حکمران کشمیریوں کے زخم پر نمک پاشی کر رہے ہیں، امریکہ بھارت اور افغانستان کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے، پاکستان اور افغانستان امن و ترقی کیلئے اختلافات ختم کریں۔