وفاق کو رینجرز سے متعلق کوئی سمری نہ بھیجی ہے اور نہ بھیجی جاتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو رینجرز کے ایک سال کے قیام کیلئے خط بھیجا ہے، تاہم رینجرز سے متعلق کوئی سمری نہ بھیجی ہے اور نہ بھیجی جاتی ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےاپنا دورہ سہون کے دوران حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز اور پولیس کی کوششوں سے امن و امان قائم ہوا ہے، رینجرز کے معاملے کو ایشو بنانے کی ضرورت نہیں، 10 سے 12 دن کی تاخیر تو ہو ہی جاتی ہے، تاہم رینجرز سے متعلق وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی، کیونکہ اس معاملے پر سمری بھیجی ہی نہیں جاتی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق وفاق کو خط لکھا ہے، جس کا اب تک کوئی جواب نہیں ملا، وفاق کی جانب سے رینجرز کو ملزم کو 90 روز تک حراست میں رکھنے کا اختیار انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن ڈبل ای ڈبل ای کے تحت دیا گیا، جبکہ اختیارات کی مدت 15 جون کو ختم ہو چکی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز نے امن و امان میں ہماری بڑی مدد کی، ہم رینجرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے سندھ بھر میں رینجرز کو اختیارات دینے کے اصرار سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں کہ رینجرز کی کارروائیوں سے متعلق چوہدری نثار نے کیا کہا، لیکن جب بات ہوگی تب جواب دوں گا۔ نومنتخب وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل ہو یا کوئی اور فورم، سندھ کا معاملہ ہر جگہ رکھیں گے، سندھ کے حقوق کیلئے ہمارا سخت مؤقف ہوگا، سندھ کے حقوق سے متعلق معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے پچھلے گڑے مردے کھودنے کی بجائے آگے کی طرف دیکھا جائے۔