شام میں دہشت گردوں کے اڈوں پر روس کا فضائی حملہ
روسی جنگی طیاروں نے شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روسی جنگی طیاروں نے شمالی ادلب اور جنوبی حلب کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر اسّی بار بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے- ایک اور رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے جنوبی حلب کے مضافاتی دیہات الحویز کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا-
اسی طرح شہر حلب میں صلاح الدین محلے پر دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں چار عام شہری جاں بحق اور دسیوں زخمی ہوگئے- دہشت گردوں کے حملوں کی بھینٹ چڑھنے والوں میں اکثر بچے ہیں-
درایں اثنا شامی فوج نے روسی فضائیہ کی مدد سے جنوب مغربی شہر حلب کے چار علاقوں کو کہ جن پر چند روز پہلے دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا، آزاد کرا لیا ہے- حلب کے عام شہری بھی دہشت گردوں کے مارٹر حملوں کی زد پر ہیں- شہردرعا کے البحار قبرستان کے قریب دہشت گردوں کے اڈے پر شامی فوج کے حملے میں بھی کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں-
درایں اثنا درعا کے قریب واقع شہر بصری الشام کے عوام نے بدھ کو دہشت گردوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے- مظاہرین اپنے ملک سے دہشت گردوں کے باہر نکلنے کا مطالبہ کر رہے تھے-