رینجرز اور پاک فوج کو متنازع بنانے کی کوشش شرمناک ہے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ رینجرز اور پاک فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش شرمناک ہے، پوری قوم رینجرز اور پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے، قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف تقاریر کرنیوالے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔
زرائع کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سربراہ پاکستان سنی تحریک کراچی ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز نے تکفیری دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے، ایسے موقع پر رینجرز کو بے اختیار کرنا عوام دشمنی ہے، کراچی میں قیام امن سے ملکی ترقی کا پہیہ درست سمت میں گامزن ہے۔تکفیری دہشتگردوں کی جڑیں جہاں بھی ہیں رینجرز کو ان کیخلاف کارروائی کیلئے اختیارات دیئے جائیں۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کیلئے سیاسی قوتوں کی نیک نیتی بہت ضروری ہے، قومی وقار کے اداروں کی بدنامی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں اور انکے سیاسی،معاشی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف تمام تر مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر سخت کارروائی کی جائے، قوم جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے دعوؤں سے تنگ آ گئی ہے، عصبیت اور قومیت کے نام پر عوام کو لڑانے والے بے نقاب ہو چکے ہیں، انہیں دوبارہ پنپنے کا موقع نہ دیا جائے، پاک فوج اور رینجرز کی کوششوں سے تکفیری دہشتگرد اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں، ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج کیساتھ ہیں۔