مراد علی شاہ کی عشرت العباد سے ملاقات، صوبے میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عشرت العباد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں صوبے میں امن و امان کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن منطقی انجام تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے گورنر ہاوس جاکر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دیں، صوبے میں ترقیاتی عمل تیز کیا جائے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کا دورہ کر کے بارشوں کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا تھا۔