ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے بسوں کے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی انسانیت کے علمبردار اور امن کے حقیقی داعی تھے، اُنہوں نے اپنے کردار کے ذریعے اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا، ملک دشمن عناصر نے اُنہیں پانچ اگست کو شہید کر کے ایک عظیم انسان کو قوم اور ملت سے جدا کر دیا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر سال کی طرح کی اس سال بھی 7اگست کو اسلام آباد میں عظیم الشان برسی منا رہی ہے۔ جس میں ملک بھر سے ہزاروں فرزندان حسینی شریک ہوں گے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے بسوں کے قافلے آج رات علامہ سید اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں روانہ ہوں گے۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 85دنوں سے دس مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال پر تھے، بیماری، کمزوری اور نقاہت کی وجہ سے وہ ہسپتال میں داخل ہیں، ملت جعفریہ کا نمائندہ اجتماع اسلام آباد میں حکومت وقت سے اپنے مطالبات منوائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مظفرگڑھ،علی پور، ڈیرہ غازیخان، لیہ، بہاولپور، لودھراں، رحیم یارخان، وہاڑی اور ملتان کے قافلے اجتماعی طور پر روانہ ہوں گے۔