بحرینی عوام کے خلاف شاہی حکومت کے دباؤ میں شدید اضافہ
بحرین کی شاہی حکومت نے عوام پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے انٹرنیٹ چینلوں کی مرکزی سطح پر نگرانی کا حکم دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی تمام کمپینوں کو مشترکہ فلٹریشن سسٹم کی خریداری کا حکم دیا ہے جس کا مقصد جمہوریت کی حمایت کرنے والی ویب سائٹوں کو بند کرنا ہے۔
شاہی حکومت کے جاری کردہ احکامات کے مطابق انٹرنیٹ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کو کام جاری رکھنے کے لیے اپنے سرورز کو سرکاری ریگولیٹری کونسل کے نگرانی کرنے والے سسسٹم سے جوڑنا پڑے گا۔اس اقدام کے بعد بحرین کی شاہی حکومت نہ صرف ویب سائٹوں کی نگرانی کرے گی بلکہ اپنی مرضی کے مطابق جس سائٹ کو چاہے بند بھی کرسکے گی۔
حکومت بحرین دو ہزار ایک سے اب تک انسانی حقوق کے اداروں اور اپنے سیاسی مخالفین کی بہت سے سائٹوں کو بند بھی کر چکی ہے۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آمریت مخالف تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام انصاف کی بالادستی، تعصبات کے خاتمے اور با اختیار جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔