امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ کا بھارت نواز اور پاکستان مخالف رویہ کھل کر سامنے آچکا ہے، امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہے ہیں، سول حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دہشتگردی ختم نہیں ہو سکی، نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل ہوتا تو سانحہ کوئٹہ رونما نہ ہوتا، ناکام اور نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، احتساب، قصاص اور انقلاب کی تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں انجمن طلباء اسلام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت محمد اکرم رضوی کر رہے تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف قوم کے سوالوں کا جواب دیں، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نااہل حکومت سے نجات ضروری ہے، ن لیگ کی حکومت تکفیری دہشتگردوں کی فکری ہمنوا ہے، ہمارے حکمران امریکی ڈو مور کے جواب میں نو مور کہنے کی جرأت نہیں رکھتے۔ دریں اثناء سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور دوسرے رہنماؤں سید جوادالحسن کاظمی، صاحبزادہ حسن رضا، مفتی محمد حسیب قادری، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، الحاج سرفراز تارڑ نے سخت غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کوئٹہ پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ اور جمعہ 12 اگست کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے، بزدل دشمن ضرب عضب کی کامیابی سے بوکھلا کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، قوم کو آزمائش کی گھڑی میں حوصلہ بلند رکھنا ہوگا، ماہ آزادی میں دہشتگردی کا المناک واقعہ افسوسناک ہے، بھارت تکفیری دہشتگردوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے، سانحہ کوئٹہ کے مجرم عبرت ناک انجام سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہادر سیکورٹی فورسز کیساتھ ہے، بے گناہ انسانوں کا بہانے والے بے رحم قاتل بہادر پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کیخلاف آواز اٹھائے، کوئٹہ میں ہونیوالے ظلم و بربریت پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل سانحہ کوئٹہ میں شہید اور زخمی ہونیوالوں کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، حکومت سانحہ کوئٹہ کے مجرموں کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنائے۔