سانحہ کوئٹہ، ثناءاللہ زہری نے ڈی آئی جی کو انکے عہدے سے فوری ہٹا دیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سانحہ کوئٹہ کے بعد مقامی پولیس میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا گیا ہے، جس کے تحت ڈی آئی جی کوئٹہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے پولیس اور بیورو کریسی میں بڑا پیمانے پر تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے، اس سلسلے میں ڈی آئی جی کوئٹہ چودھری منظور سرور کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ دیگر تبدیلیاں بھی جلد متوقع ہیں۔ واضح رہے عہدے سے فارغ ہونے والے ڈی آئی جی چودھری منظور سرور نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیر کے روز ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
پیر کی صبح کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکے میںوکلاء سمیت 72 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ سول اسپتال کوئٹہ کے ایمرجنسی وارڈ پر موجود تکفیری خودکش حملہ آور نے اس وقت خودکش دھماکہ کیا کہ جب وکلاء کی بڑی تعداد منو جان روڈ پر تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شھید ہونے والے بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی کی میت لینے ہسپتال پہنچی تھی۔ دوسری جانب سانحہ کوئٹہ میں اس حادثہ کے باعث ملک بھر میں فضا ابھی بھی سوگوار ہے۔ علاوہ ازیں وکلاء کیجانب سے عدالتی بائیکاٹ بھی جاری ہے۔