محمود خان اچکزئی نے بھارت سے وفاداری اور پاکستان سے غداری کاثبوت دیا ہے، سنی اتحاد کونسل
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، سید جواد الحسن کاظمی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، صاحبزادہ حسن رضا، الحاج سرفراز تارڑ، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ اور ارشد مصطفائی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے بھارت سے وفاداری اور پاکستان سے غداری کاثبوت دیا ہے، اچکزئی پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔
زرائع کے مطابق فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے زیرِاہتمام سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے منعقد ہونے والے تعزیتی اجلاس میں رہنمائوں کا کہنا تھا اچکزئی اور فضل الرحمن نے سیکیورٹی ایجنسیوں پر بلا جواز تنقید کرکے بھارت کو خوش کیا ہے، اس وقت دفاعی اداروں پر تنقید نہیں ان کے پیچھے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچکزئی نے را کی وکالت اور سیکورٹی فورسز پر تنقید کرکے پاکستان دشمنی کامظاہرہ کیا ہے، اچکزئی کے زہر آلود خیالات سے محب وطن پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ہے، وطن کی حقیقی محافظ خفیہ ایجنسیوں کیخلاف واویلا ملک کی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے۔
اہلسنت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کے غداروں کو گود میں بٹھا رکھا ہے، محمود خان اچکزئی کا سارا خاندان شریک اقتدار ہے، وہ بھارت کی ایجنٹی چھوڑ دے۔