وطن عزیز کے ترقی و خوشحالی کیلئے تمام لوگوں کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا، راغب نعیمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آزادی عطیہ خداوندی ہے جسے سلب کرنے کا حق کسی انسان کو نہیں، 14 اگست پاکستانی قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، وطن عزیز کے ترقی و خوشحالی کیلئے تمام کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ملک کے استحکام اور قوم کی آزادی اور بقا کے تحفظ کیلئے ذاتی اغراض و مقاصد سے بلند ہوکر ایثار و قربانی سے کام لیا جائے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام جشن آزادی کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف دینی سکالر و ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ لاہور علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کیا۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ 14اگست کو جامعہ نعیمیہ سے پریس کلب تک آزادی پاکستان ریلی نکالی جائے گی۔ علامہ راغب نعیمی نے مزید کہا کہ اسلام میں غیر مسلموں کو تنگ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام شرف انسانیت کا علمبردار دین ہے اور ہر فرد سے حسن سلوک کی تعلیم دیتا ہے، حضوراکرم ﷺ کی پوری حیاتِ طیّبہ کفّارومشرکین اور مخالف مذہب دشمنوں سے حسنِ سلوک، عفو ودرگذر اور مثالی مذہبی رواداری سے عبارت ہے، دین اسلام نے جو حقوق غیر مسلموں کو دیئے ہیں وہ اقوامِ متحدہ کی طرح زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ ہمارے پیارے نبیﷺ نے خود ان کو عملی جامہ پہنایا، آج ہمیں اسلامی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے اقلیتوں کو مکمل حقوق کی پاسداری کرنی چاہیے۔
تقریب میں مفتی سلطان صدیقی، مفتی بلال فاروق نعیمی، پروفیسر عثمان ڈار، مولانا احمد رضا سعیدی، مولانا جاوید مغل، مولانا شعیب اسلم و دیگر نے شرکت کی جبکہ تقریب میں حافظ احسان الحق نے تلاوت کلام پاک اور حافظ ریحان، احتشام فاروقی، احسان رسول اور احمد نواز نے نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔