وزیراعظم جمعے کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیراعظم نواز شریف19 اگست کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔وزیراعظم اپنے دورہ کراچی کے دوران کراچی آپریشن سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے،اور شھید امجد صابری رہائش گاہ اور عبدالستار ایدھی کے گھر بھی جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اپنے دورہ کراچی کے دوران عالمی شہرت یافتہ نعت خوان،منقبت خواں،قوال امجد صابری کی رہائش گاہ اور عبدالستار ایدھی کے گھر بھی جائیں گے۔وزیراعظم شھید امجد صابری کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیں گے، بعدازاں وزیراعظم گورنر ہاؤس میں امن و امان کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری محمدصدیق میمن، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی آپریشن کو تیز کرنے سیمت اگلے مرحلے کی منظوری بھی دی جائے گی۔