Uncategorized

ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ اور امن کی بحالی ناگزیر ہے، لیاقت بلوچ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں نوجوانوں اور سماجی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات میں کہاکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور کشمیری رہنماؤں کی زیر قیادت مظفر آباد سے چکوٹھی تک آزادی مارچ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ نریندر مودی کا قوم سے خطاب عملا یوم سیاہ سے خطاب تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی کے ہاتھوں بھارتی ترنگہ کا گرنا بھارتی شکست اور کشمیریوں کی فتح کی نوید ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ اور امن کی بحالی ناگزیر ہے۔

پوری قیادت قومی ایکشن پلان پر یک آواز ہے لیکن عملدرآمد میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں غفلت سے کام لے رہی ہیں۔ قومی ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کمیٹی بنا دی گئی اور سابق جرنیلوں کو مانیٹر مقرر کر دیا گیا ہے، دیر آید درست آید لیکن حکومت کی بیڈگورننس عیاں ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس سے سول ملٹری تعلقات میں بہتری آئے گی، امن ناگزیر ہے لیکن اب غلطی کی گنجائش نہیں۔ 

لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بھارتی چیف جسٹس نے نریندر مودی کے قوم سے خطاب کا صحیح تجزیہ کیا ہے۔ بھارت اندر سے خلفشار، علیحدگی پسندی اور ناانصافی کا شکار ہے۔ بھارتی وزیراعظم اپنی ناکامیوں اور اندرونی کمزوریوں کو چھپانے کے لیے بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی باتیں کر رہے ہیں۔ اب 70 سال بعد بھارتی عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ ان کی قیادت انہیں مسلسل دھوکہ دے رہی ہے جس سے خطہ بدامنی، دہشتگردی، غربت، بے روزگاری اور عالمی استعماری قوتوں کی چراگاہ بنا ہوا ہے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button