Uncategorized

پاکستان کو کسی مخصوص فکر یا مسلک کی جاگیر نہیں بننے دیا جائیگا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ کوئی بھی محب وطن جماعت پُرتشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کر سکتی۔ اپنے حقوق کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج کی شکل میں آئینی جدوجہد ہی بہترین راستہ ہے۔

زرائع کے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیرِ اہتمام لاہور میں علماء کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیز کو عدم استحکام، احساس محرومی، لاقانونیت، ناانصافی اور ریاستی اداروں کے جبر جیسے لاتعداد مسائل نے جھکڑ رکھا ہے۔ وطن عزیز کسی ایسے اقدام کا متحمل نہیں ہے جس سے انارکی اور انتشار کو تقویت ملے۔ ملک دشمن عناصر ہمیں داخلی سازشوں کا شکار کر کے ملک کو عدم استحکام سےدوچار کرنا چاہتے ہیں۔ ان عناصر کو شکست دینے کے لیے ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو دانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ وطن عزیز کی سالمیت و بقاء کے دشمن حکومتی صفوں میں بھی موجود ہیں۔ یہ عناصر ملک و قوم کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ جب تک ان کا محاسبہ نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ اس وطن کو کسی مخصوص فکر یا مسلک کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو بلاتخصیص مذہب و مسلک یہاں برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود تساہل برتا جا رہا ہے۔ اس بدعہدی کے خلاف 2 ستمبر کو مجلس وحدت مسلمین نے لاہور وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس دھرنے میں کارکنوں کی بھرپور شمولیت ہو گی اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان دھرنے میں ہی کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button