Uncategorized

گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ قرار دے کر بھارت کا منہ بند کیا جائے، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے کی رٹ چھوڑ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے، کسی قوم کو زبردستی محکوم نہیں رکھا جا سکتا، حکمران بھی عقل کے ناخن لیں اور گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ تسلیم کرلیں، 67 سال سے محب وطن لوگوں کے خطے کو سرزمین بے آئین رکھنا انصاف نہیں۔

زرائع کے مطابق سرگودھا، ساہیوال اور راولپنڈی کے دورے کے بعد لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ نریندر مودی کو سفارتی آداب کا علم نہیں، جو بلوچستان اور گلگت بلتستان کے بارے میں بد زبانی اور ہرزہ سرائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط کیخلاف ایک بار پھر فیصلہ دے دیا ہے کہ کشمیری اپنا آزاد وطن چاہتے ہیں، ناجائز بھارتی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے، مزید قربانیاں دینا پڑیں تو بھی اسے آزاد کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، بھارت اسے آزاد کرے، تاکہ وہ پاکستان کیساتھ الحاق کرکے قومی دھارے کا حصہ بنیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھی سمجھنا چاہئے کہ بھارت کے پاس اس کے سوا کوئی حل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر خود بھارت لے کر گیا اور اسے متنازع علاقہ تسلیم کیا، جس میں کشمیری اور پاکستان ایک فریق ہیں اور اب تک آنیوالا ردعمل ظاہر کر رہا ہے کہ کشمیر کو آزاد کئے بغیر خطے میں امن قائم کرنا ممکن نہیں، اس لئے بھارت ہوش کے ناخن لے۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا صوبہ ہے، جس کے عوام محب وطن اور جفاکش ہیں۔بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں تکفیری دہشتگردوں کا افواج پاکستان نے خاتمہ کر دیا ہے، جو بچ گئے ہیں وہ بھی ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ قرار دے کر بھارت کا منہ بند کیا جائے کیونکہ اس خطے کو ابھی تک آئینی حقوق نہیں دیئے گئے۔ جس کے باعث ایک طرف محب وطن عوام میں تشویش ہے تو دوسری طرف بھارت جیسے شرارتی ممالک خرافات بکتے رہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button