اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا تعلیم کے خلاف بیان سمجھ سے بالا تر ہے، محمد ہادی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ایم پی اے آغا رضا نے علاقے میں تعلیمی اداروں کے قیام کیلئے مسلسل کوششوں سے پی بی 2 میں ریزیڈینشل اسکول اور یونیورسٹی کا کام شروع کیا، جو آئیندہ سالوں میں اپنی تکمیل کو پہنچ جائے گا اور تعلیم کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جو کہ ایک مثبت اقدام ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ تعلیمی ادارے بنانے کے دوران بھی ایک نام نہاد اسٹوڈنٹ فیڈریشن اپنے بیانات سے قوم کی دل آزاری کر رہی ہے۔ تخریبی سوچ رکھنے والے ہمیشہ تخریبی اندازے ہی لگاتے ہیں اور اپنی بے وقوفانہ سوچ سے آگے کبھی بڑھ ہی نہیں پاتے، فاشسٹ ٹولہ اپنی انا سے آگے بڑھے اور قوم کیلئے کچھ سوچیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان محمد ہادی جعفری نے ڈویژنل سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کیا۔محمد ہادی کا کہنا تھا کہ ایک فاشسٹ ٹولہ جو خود کو قومی جماعت اور طلباء کے نمائندے سمجھتے ہیں ، مسلسل تعلیمی اداروں کے قیام کے خلاف اپنے بیانات سے اپنی تعلیم دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انھوں نےکہا ہے کہ ایک اسٹوڈنٹ فیڈریشن کا تعلیم کے خلاف بیان سمجھ سے بالا تر ہے۔ فاشسٹ ٹولہ اور نام نہاد اسٹوڈنٹ فیڈریشن قوم کو گمراہ کرنے میں مصروف نظر آ رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کے خلاف کام کرکے قوم کو تاریکی میں رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی بی 2 کے نمائندے نے مسلسل جدوجہد کے بعد اپنے علاقے میں یونیورسٹی اور ریزیڈینشل اسکول کے پروجیکٹ کو منظور کروایا اور اسکا کام شروع ہوا مگر اب ایک نام نہاد اسٹوڈنٹ فیڈریشن ان پروجیکٹس کے خلاف کام کرنے میں مصروف ہیں۔اگر اتنا کام فاشسٹ ٹولہ قوم کی خدمت کیلئے کرتا تو آج قوم کو منہ دیکھانے کے قابل ہوتا۔
محمد ہادی نے مزید کہا گیا کہ پی بی 2 کے نمائندے ایم پی اے آغا رضا نے علاقے میں بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے۔ عوام کے پانی کے مسئلے پر کام ہوا، کھیل کیلئے کام ہوا، تعلیمی اداروں کے ضروریات کیلئے فنڈز فراہم کئے گئے،طلباء میں فنڈز تقسیم کئے گئے،معیاری تعلیم کو عام کرنے کی کوششیں کی گئی اور اسکے علاوہ بے شمار اقدامات کے ذریعے قوم کی خدمت کی گئی مگر اسکے باوجود قوم دشمن اور فاشسٹ ٹولہ اپنے بیانات سے ان عناصر کی دل جوئی کر رہا ہے جو قوم کو تاریکی میں رکھنا چاہتے ہیں۔ آج فاشسٹ ٹولہ اپنے بیانات سے ہمارے دشمنوں کی زبان سے ادا ہونے والے الفاظ پیش کر رہا ہے، جو ان کے تعلیم و قوم دشمنی کی واضح دلیل ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہماری قوم تعلیم سے محبت رکھنے والی قوم ہے، ہمارے نوجوان باہنر اور محنتی ہیں ۔ ہم تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کام جاری رکھیں گے اور مسترد شدہ فاشسٹ ٹولے کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔