اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو جائیں تو ستمبر حکومت کے لئے ستم گر ہو سکتا ہے، پاکستان عوامی تحریک
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان سہیل عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والی قصاص ریلی اور دھرنے کو ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ احتجاج کو مزید موثر بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف 3 ستمبر کو لاہور میں پاکستان مارچ کرنے کا اعلان کر چکی ہے، حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے ہم بھی اسی دن سالمیت پاکستان مارچ کریں گے، اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو جائیں تو ستمبر حکومت کے لئے ستم گر ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب راولپنڈی میں صحافیوں سے ایک ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر شہر دھرنا دیکر عوام کو ظالمانہ نظام کے خلاف لڑنے کا شعور دے رہے ہیں، جس میں ہمیں بڑی کامیابی مل رہی ہے۔ ہم حکومت، اعلیٰ عدلیہ اور ملکی سلامتی کے اداروں کو اپنے مسلسل احتجاج کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کا کہہ رہے ہیں، جو دو سال گزرنے کے باوجود نہیں دیا جارہا۔ مزید تاخیر ہوئی تو اگلے مرحلے میں اس قدر بڑا احتجاج کریں گے کہ ملکی نظام درہم برہم ہو سکتا ہے، اس وقت کوئی یہ اعتراض نہ کرے کہ ہم پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ اور جمہوریت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک احتساب، جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم، عوامی مسلم لیگ کی تحریک نجات اور ہماری تحریک قصاص چاروں کی منزل ایک ہی ہے یعنی ہر استحصال سے پاک پاکستان، تمام تحریکیں یکجا ہو جائیں تو کامیابی یقینی ہے۔