نماز جمعہ پر پابندی عائد کرنے کے بحرینی حکومت کے اقدام کی مذمت
بحرین کے اکثریتی شیعہ مسلمانوں کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے نماز جمعہ پر پابندی عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کو شریعت کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔
مراہ البحرین ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے ایک بیان جاری کرکے آل خلیفہ حکومت کے ذریعے نمازجمعہ پر عائد کی گئی پابندی کی مذمت کی ہے- اس بیان میں بحرینی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ نمازجمعہ کی ادائیگی پر عائد پابندی کو اٹھا لیں-
واضح رہے کہ بحرینی حکام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے بعد منامہ کے قریب الدراز کی معروف مسجد امام صادق علیہ السلام میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی لگا دی ہے- بحرینی عوام گذشتہ دو مہینے سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے یکجہتی کے اظہار اور حکومتی اقدام کی مخالفت میں الدراز میں ان کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔