Uncategorized

لاہور میں دھرنا پُرامن ہوگا، رکاوٹ ڈالی گئی تو ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی، علامہ مختار امامی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مختار حسین امامی کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے مطالبات کی حق میں 2 ستمبر بعد از نماز جمعہ وزیراعلٰی ہاؤس لاہور کے سامنے دھرنا دیگی، دھرنے کیلئے لاہور ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں رابطہ مہم مکمل ہوگئی ہے۔

زرائع کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے بتایا کہ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری روضہ امام حسینؑ سے لائے گئے پرچم کے ہمراہ دھرنے میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران امام حسینؑ کیساتھ ساتھ مختلف مکاتب فکر و سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی دھرنے میں شریک ہونگے، ہمارا دھرنا مکمل طور پر پُرامن ہوگا، رکاوٹ ڈالنے کی صورت میں حکومت ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد اور ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوںکے خلاف بلاتفریق مکمل کارروائی چاہتے ہیں۔علامہ مختار امامی نے کہا کہ عزاداری امام حسینؑ پر کسی بھی قسم کا قدغن آئین پاکستان کیخلاف ہے، ہم اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے، ہم بنیادی انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔

علامہ مختار امامی کا مزید کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجتہدین کی ہدایت پر بھوک ہڑتال ختم کی، لیکن ہمارا لاہور میں ہونیوالا دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا اور اس دھرنے کو پوری ملت جعفریہ کی حمایت حاصل ہے، دھرنے میں ماتمی انجمنیں، ذاکرین عظام، علماء کرام، طلباء، وکلا، سول سوسائٹی، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکن بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملت جعفریہ کے حقوق کے حوالے سے ہمیشہ چشم پوشی کی ہے، لیکن اس بار ہمارا دھرنا پنجاب حکومت کو مجبور کر دے گا کہ وہ ملت جعفریہ کو اس کا حق دے اور ٹارگٹ کلنگ روکنے سمیت دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button