اپیکس کمیٹی خیبرپختونخوا کا اجلاس،تکفیری دہشتگردوں کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)خیبر پختونخوا کی اپیکس کمیٹی نے ملک دشمن، اسلام دشمن سفاک تکفیری دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
زرائع کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن، آئی جی پولیس ناصر دورانی، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی ) لیاقت علی خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے اور فاٹا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بالخصوص مردان اور کرسچن کالونی میں جمعہ کے روز دہشت گردی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کے دہشتگردوںاور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان پولیس کی طرز پر صوبے میں گشت کے خصوصی یونٹ بنائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے 2 شہروں پشاور اور مردان میں ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ جماعت الاحرار کے سفاک دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے خودکش حملوں کے نتیجے میں 14 افراد شھید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب پشاور میں کرسچن کالونی پر تکفیری دہشتگردوں کے حملے کے بعد پاک فوج نے تکفیری دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے4 تکفیری دہشتگردوں کہ جن میں ایک تکفیری خودکش حملہ آور بھی شامل تھا کو واصلِ جہنم کردیا۔