سید سرفراز نقوی آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کاررواں منتخب
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں نئے میر کاررواں کا انتخاب مکمل ہو گیا، سابق نائب صدر سید سرفراز نقوی کو نیا میر کاررواں منتخب کر لیا گیا۔
زرائع کے مطابق کنونشن کے آخری روز نئے میر کاررواں کے انتخاب کیلئے اجلاس عاملہ ہوا جس میں سید احسن نقوی اور سید سرفراز کے نام سامنے آئے جس کے بعد ووٹنگ کروائی گئی اور سید سرفراز کامیاب قرار پائے۔ سید سرفراز کا تعلق فیصل آباد ڈویژن سے ہے اور گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان میں زیرتعلیم ہیں۔ پہلے مرکزی نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ آئی ایس او کے کارکنوں، علما کرام اور سینئر رہنماؤں نے سید سرفراز کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ علامہ سید حیدر موسوی نے نئے میرکاررواں کا اعلان کیا جبکہ علامہ ہاشم موسوی نے نئے مرکزی صدر سے حلف لیا۔ نو منتخب مرکزی صدر نے شرکا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کو نظام ولایت کی طرف پلٹنے کی ضروت ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای جو اس نظام ولایت کے امین بھی ہیں اور علمبردار بھی، وہ اسلام ناب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عالم کفر کیخلاف ڈٹے ہوئے ہیں، آج مسلمانان عالم کی مشکلات کا حل اور ان کی کامیابی کا راز اسی نظام ولایت کو سمجھنے اور اسکی پیروری کرنے میں ہے۔
نو منتخب مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں، آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔