ضرب عضب سالمیت پاکستان کی جنگ ہے، شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، علامہ اقتدار حسین نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ضرب عضب پاکستان کی سلامتی کی جنگ ہے جسے پاک فوج کے جوانوں نے بڑی بہادری سے لڑا ہے اور شمالی علاقہ جات کو دہشت گردوں کے نرغے سے آزاد کرایا ہے۔ ضرب عضب میں شہید ہونے والے آفیسرز اور جوان قوم کا سرمایہ اور فخر ہے پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
زرائع کے مطابق ملتان میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج دنیا کی صفِ اول کی فوج ہے، جو جذبہ جہاد و شہادت سے سرشار ہے۔ یہی پاک فوج ہے جس نے 1965 ء میں دشمن کی اپنے سے کئی گنا بڑی آرمی کو شکست فاش دی۔ پاک آرمی نے جس طرح شمالی علاقہ جات میں آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا قلع قمع کیا ہے اسی طرح پنجاب میں بھی ضرب عضب شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقے تکفیری دہشت گردوں کے بیس کیمپ کام کر رہے ہیں اور حکمران انکی سرپرستی کر رہے ہیں۔
علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک پنجاب سے دہشت گردی کے اڈے ختم نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک ملک سے دہشت گردی کا کامل خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ آج پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور جنرل راحیل شریف سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے کہ وہ ملکی سالمیت کا یہ مشن پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔