Uncategorized

آئی ایس او کے مرکزی صدر سرفراز نقوی کی علامہ ریاض نجفی اور علامہ نیاز نقوی سے ملاقات

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نو منتخب صدر نے اپنی تنظیمی مصروفیات کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ جامعۃ المنتظر لاہور میں وفاق المدارس شیعہ کے مرکزی رہنما اور جامعۃ المنتظر کے پرنسپل علامہ قاضی نیاز حسین نقوی سے ملاقات کی اور باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

زرائع کے مطابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سرفراز نقوی کے ساتھ وفد میں سابق مرکزی صدور علی مہدی، اطہر عمران طاہر، سابق سینیئر نائب صدر احسن نقوی، امامیہ چیف اسکاؤٹ تصور کربلائی، سابق مرکزی رہنماء میثم جعفری اور میڈیا کوآرڈینیٹر توقیر ساجد شامل تھے۔ علامہ قاضی نیاز نقوی نے نو منتخب مرکزی صدر سرفراز نقوی کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کی مرکزی مسئولیت کی ذمہ داری ایک اہم اور بڑی ذمہ داری ہے، یہ خدا کا لطف و کرم ہے کہ آپکو جوانوں کی قیادت کا اعزاز ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ملت تشیع پاکستان کی تمام تنظیموں کی اہمیت اہم ہے، لیکن آئی ایس او کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ تنظیم سو فیصد خط نظام رہبریت پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہمارا دوستی اور دشمنی کا معیار فقط خدا ہونا چاہئے اور آئی ایس او کے استقلال کو ہمیشہ محفوظ رکھتے ہوئے صرف اور صرف خدا کی رضا کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے نو منتخب صدر سے امید کرتا ہوں کہ وہ اسے ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے، امام خمینی رہبر معظم اور علامہ صفدر نجفی مرحوم نے بھی ہمیشہ خدا کی خوشنودی کیلئے ملت تشیع کی خدمت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی ملت تشیع کیلئے بینظیر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نقوی کی خدمات کا تقابل کسی سے نہیں کیا جا سکتا ہے، شہید محمد علی نقوی اور شہید علامہ عارف الحسینی ہم سے جلد جدا ہوگئے اور ہم شاید ان کی قدر نہ کر پائے۔ مرکزی صدر سرفراز نقوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے۔

مرکزی صدر نے بعد ازاں بزرگ عالم دین علامہ ریاض نجفی سے ملاقات کی۔ علامہ ریاض حسین نجفی نے سرفراز نقوی کو آئی ایس او کا مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کو کالجز یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے علمی خدمات انجام دینا ہوں گی اور یہی ملت تشیع کی سب سے اہم خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا مرحوم عالم دین صفدر حسین نجفی بھی ہمیشہ مثبت امور کی انجام دہی کے وقت خدا کی خوشنودی کو مدنظر رکھتے اور نصیحت کرتے تھے کہ جب تک نوجوان علماء سے ارتباط کو مضبوط رکھیں گے تو وہ مسلمان رہیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کے لئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دور حاضر کی نوجوان نسل قرآن مجید کو ترجمہ و تفسیر سے پڑھتے ہوئے خدا سے اپنے رابطہ کو بڑھائے، تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کو سمیٹ سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button