ہم اتحاد امت کے بانی ہیں، کسی کو یہ فضاء خراب نہیں کرنے دینگے، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں علامہ ساجد نقوی نے دیگر بزرگان کیساتھ اتحاد کے بانی بنکر ماحول ساز گار بنایا ہے، جس سے ملک مختلف فتنوں سے پاک رہا، بیرونی ممالک کے مسائل کو پاکستان کے اندر لانے سے گریز کیا جانا چاہیے، ہماری قیادت ملک میں اتحاد و بھائی چارے کے بانیوں میں سے ہے، کسی کو اس فضاء کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ چند روز سے کچھ عناصر کی جانب سے ایسے مسائل کا تذکرہ کیا جا رہا ہے، جن کا ہمارے ملک سے براہ راست کوئی تعلق نہیں، اس لئے ایسے مسائل کو پاکستان کے اندر لانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ پاکستان کی ساخت اور بافت میں بڑی گنجائش اتفاق و اخوت ہے، جسے صحیح رخ اور درست سمت میں بروئے کار لاتے ہوئے بہت سے مسائل ماضی میں حل بھی کئے گئے اور اب بھی کئے جا سکتے ہیں، جس کی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔
اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے دیگر اکابرین و بزرگان کیساتھ بانی بن کر بہترین انداز میں ملک میں باہمی احترام کے فروغ کیساتھ تمام مسائل حل کئے، ہماری قیادت نے اس ملک میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارگی کیلئے دیگر بزرگوں کیساتھ ملکر بنیاد رکھی، ملی یکجہتی کونسل، متحدہ مجلس عمل اور پھر ملی یکجہتی کونسل کا نئے عزم کیساتھ احیاء اس کی واضح مثالیں ہیں، جن کی واضح خصوصیات ہیں کہ ملک کے اندر تمام عقائد کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ ضابطہ اخلاق مرتب کئے، مشترکات پر زور دیتے ہوئے مسائل کا حل پیش کیا اور یہ کوششیں بار آور بھی ثابت ہوئیں، انہی کامیاب کوششوں کا نتیجہ تھا کہ بیرونی اختلافات اور مختلف فتنوں سے اس وطن کو پاک رکھا، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ لوگ جو اتحاد کے دعویدار ہیں، اس نکتہ کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ کسی کی مخالفت یا حمایت سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، ہمیں تمام صورتحال کے حوالے سے اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہونا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ ایسے کسی عمل کی ترویج یا اس کا حصہ نہ بنیں، جس سے یہ فضا متاثر ہو۔